چیمپئنز ٹرافی 2025: انعامی رقم میں اضافے کی توقع پاکستان کو 2017 میں فاتح کی حیثیت سے 2.2 ملین ڈالر کا چیک ملا تھا

محمد ذیشان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے برس پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے انعامی رقم کا اعلان نہیں کیا ہے، تاہم گزشتہ ایڈیشن میں فاتح ٹیم کو 2.2 ملین ڈالر دیے گئے تھے۔

اگلے برس فروری اور مارچ میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئی سی سی نے باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے، جو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جبکہ فائنل 9 مارچ کو منعقد ہوگا۔ دنیائے کرکٹ کی 8 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں یہ ٹورنامنٹ کراچی، لاہور، اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں منعقد ہوگا، جہاں ہر مقام پر 3 گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔

سال 2017 میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 4.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی تھی۔ اس میں فاتح پاکستان کو 2.2 ملین ڈالر اور رنر اپ بھارت کو 1.1 ملین ڈالر دیے گئے تھے۔ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو 450,000 ڈالر، گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 90,000 ڈالر، اور آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 60,000 ڈالر دیے گئے تھے۔

2013 کی چیمپئنز ٹرافی (جو بھارت نے جیتی تھی) کے مقابلے میں 2017 میں انعامی رقم میں 500,000 ڈالر کا اضافہ کیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار انعامی رقم 2017 کے مقابلے دوگنی ہو سکتی ہے کیونکہ پاک بھارت میچز سے آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کو بھاری آمدنی کی توقع ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بطور دفاعی چیمپئن اپنے ہوم گراؤنڈ اور شائقین کے سامنے میدان میں اترے گا۔ اس کے ساتھ، پاک بھارت بورڈز کے درمیان ہائبرڈ ماڈل کی بحث نے اس ٹورنامنٹ کی اہمیت اور ہائپ کو مزید بڑھا دیا ہے۔

Related Post

en_USEnglish