چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

لاہور: (محمد ذیشان)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے ناک آؤٹ مقابلے میں جنوبی افریقا کی ٹیم 363 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنا سکی۔

پروٹیز کی جانب سے ڈیوڈ ملر 76 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ رسی وین ڈر ڈوسین 69، کپتان ٹیمبا بووما 56، ایڈن مارکرم 31، رائن رکلٹن 17، کگیسو رباڈا 16، وائن ملڈر 8، ہینرک کلاسن 3، مارکو جینسن 3 اور کیشوو مہاراج 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3، گلین فلپس نے 2 جبکہ رچن رویندرا، ول او رورکی اور میٹ ہینری نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز اسکور کیے۔ گلین فلپس 49 اور کپتان مچل سینٹنر 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کیویز کی جانب سے رچن رویندرا 108 اور کین ولیمسن 102 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیرل مچل 49، ول ینگ 21، مائیکل بریسویل 16 اور ٹام لیتھم 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لُنگی اینگیڈی نے 3، کگیسو رباڈا نے 2 اور وائن ملڈر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Related Post

en_USEnglish