اسلام آباد: کیپیٹل پریمیئر لیگ کی تقریبِ دستخط میں شعیب اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور سی پی ایل کے بطور برانڈ ایمبیسڈر معاہدے پر دستخط کیے۔
دنیائے کرکٹ کے تیز ترین باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف، اور نسیم شاہ کو ریسٹ دینا پڑے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں اپنے 9 رتن بھی تبدیل کرنا ہوں گے۔
معاہدے کی تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کھلاڑیوں کو پہلے نکالا جاتا ہے اور پھر شامل کیا جاتا ہے۔ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، اور نسیم شاہ جیسے کھلاڑی مجھے دے دیے جاتے تو یہ سب میگا اسٹار ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوسی ہوئی۔ کرکٹ کا بھی ہاکی والا حال کیا جا رہا ہے۔ مینجمنٹ اور ٹیم میں مسلسل تبدیلیوں سے کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔ محسن نقوی نے انفراسٹرکچر ضرور بہتر کیا ہے، لیکن پالیسیز بھی بدلنا ہوں گی۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کی ضرورت ہے۔

