اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر کولن منرو نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

رپورٹ: محمد ذیشان

راولپنڈی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج بیٹر کولن منرو نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے افتتاحی میچ میں نئی تاریخ رقم کر دی، جب انہوں نے ایک اور شاندار اننگز کھیل کر ایک اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

پی ایس ایل 10 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ میچ جمعہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 140 رنز کا ہدف دیا، جسے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 18ویں اوور میں با آسانی حاصل کر لیا۔ یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار کولن منرو نے ادا کیا جنہوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز کولن منرو نے 42 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے جارحانہ اسٹروک کھیل کر لاہور قلندرز کے باؤلرز کو دباؤ میں رکھا۔

اس اننگز کے ساتھ ہی کولن منرو نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں اسکور کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان رائلی روسو کا ریکارڈ توڑ دیا۔

منرو کی لاہور کے خلاف ففٹی پی ایس ایل میں ان کی 13ویں نصف سنچری تھی، جبکہ رائلی روسو کے کریئر میں پی ایس ایل کے دوران 12 نصف سنچریاں درج تھیں۔ منرو نے اس کارکردگی سے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ خود کو ایک ریکارڈ یافتہ بیٹر کے طور پر بھی منوایا۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے غیر ملکی بیٹرز میں اب کولن منرو سرفہرست ہیں۔ ان کے ساتھ اس فہرست میں لوک رونکی، جیسن رائے اور شین واٹسن جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس جیت سے نہ صرف ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا بلکہ کولن منرو کی فارم بھی آئندہ میچز کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہے باقی ٹیموں کے لیے، جو اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کریں گی۔

Related Post

en_USEnglish