آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی، بیٹنگ میں نمبر ون کون بنا؟"

دبئی: (رپورٹ: محمد ذیشان) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کی کیٹیگریز میں دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔

بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے نوجوان بلے باز شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر قابض ہیں، جبکہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم دوسرے نمبر پر اپنی جگہ قائم رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

رینکنگ کے مطابق بھارتی کپتان روہت شرما تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقا کے ہینرچ کلاسن چوتھے نمبر پر ہیں اور بھارت کے ہی ویرات کوہلی پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

پاکستان کے محمد رضوان نے اپنی کارکردگی کی بدولت دو درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ 21 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب فخر زمان کو دو درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولرز کی نئی رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پہلی پوزیشن پر فائز ہیں، جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان نے ایک درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجے تنزلی کے بعد 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف دو درجے تنزلی کے بعد 24 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے اور وہ بدستور اس کیٹیگری کے بہترین آل راؤنڈر قرار پائے ہیں۔

Related Post

en_USEnglish