ٹرائی نیشن سیریز: جنوبی افریقا کا پاکستان کو 353 رنز کا ہدف، فاتح ٹیم فائنل میں پہنچے گی

کراچی (محمد ذیشان) ٹرائی نیشن سیریز کے اہم مقابلے میں آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، جہاں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 352 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا ہے۔ جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسے ان کے بلے بازوں نے درست ثابت کیا۔ ہینرک کلاسن نے 87 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جبکہ میتھو بریٹزکی نے 83 اور کپتان باووما نے 82 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری جانب، ٹمبا باووما کے رن آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل اور کامران غلام کے جشن پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جا رہی ہے۔ آج کا میچ انتہائی اہم ہے کیونکہ جیتنے والی ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں جگہ بنائے گی۔ پاکستان کے اسکواڈ میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

Related Post

en_USEnglish