چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارتی صحافیوں کے بلند و بانگ دعوے، بمراہ ٹورنامنٹ سے باہر

محمد ذیشان کی رپورٹ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل بھارتی صحافیوں اور یوٹیوبرز نے اپنی ٹیم کی جیت کے بڑے بڑے دعوے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ معروف اسپورٹس تجزیہ کار وکرانت گپتا سمیت کئی بھارتی ماہرین کرکٹ کا ماننا ہے کہ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط دعویدار ہے، جبکہ دیگر ٹیموں میں مختلف خامیاں پائی جاتی ہیں۔

بھارتی تجزیہ کاروں کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میچ کو “محض ایک پریکٹس میچ” قرار دینے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث جاری ہے۔ بھارتی یوٹیوبرز بھی اپنی ٹیم کی حمایت میں بڑھ چڑھ کر دعوے کر رہے ہیں اور حریف ٹیموں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب، بھارتی یوٹیوبرز اور تجزیہ کاروں نے پاکستانی اسکواڈ اور سلیکشن کمیٹی پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ برصغیر میں ہونے والے میچز کے لیے زیادہ فاسٹ بولرز پر انحصار کرنا ایک غیر دانشمندانہ فیصلہ ہو سکتا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مداحوں نے اپنی ٹیم کے ہیڈ کوچ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ اسکواڈ میں ہرشیت رانا کی شمولیت پر کئی مداحوں نے جانبداری کا الزام عائد کیا ہے اور سلیکشن کے معیار پر سوالات اٹھائے ہیں۔

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی کہ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر جسپرت بمراہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ اسپنر ورون چکرورتی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جسپرت بمراہ گزشتہ ماہ سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی بھارتی بولنگ لائن اپ کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، بھارتی ٹیم کے کچھ سابق کھلاڑی اور مبصرین اس بات پر بھی ناخوش نظر آتے ہیں کہ سراج کو اسکواڈ سے باہر کیوں رکھا گیا۔ یہاں تک کہ کچھ حلقوں نے گوتم گمبھیر پر مسلم مخالف تعصب کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول، رشبھ پنت، ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدپ سنگھ، رویندر جڈیجا اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔

Related Post

en_USEnglish