محمد ذیشان
لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان ٹیم کی نئی جرسی کی رونمائی قذافی اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب کے دوران کی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام اس تقریب میں قومی ٹیم نے گرین شرٹس زیب تن کرکے میدان میں قدم رکھا، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین موجود تھے۔ اس موقع پر شائقین نے کھلاڑیوں کا بھرپور حوصلہ بڑھایا اور نئی کٹ کو خوب سراہا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے متعارف کرائی گئی یہ جرسی 1992 اور 1999 کے تاریخی رنگوں سے متاثر ہے، جو اس دور میں قومی ٹیم کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 1992 میں ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا، جبکہ 1996 میں گرین شرٹس نے ورلڈکپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس دہائی کو پاکستان کرکٹ کا سنہری دور تصور کیا جاتا ہے، جہاں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے لیجنڈری کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

