چیمپئنز ٹرافی 2025: آئی سی سی نے انعامی رقم کا اعلان کر دیا

محمد ذیشان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 53 فیصد اضافی انعامی رقم دی جائے گی، جو 2017 کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر (یعنی پاکستانی روپوں میں 62 کروڑ سے زائد) کی خطیر انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اَپ ٹیم کو 1.12 ملین ڈالر (31 کروڑ 11 لاکھ سے زائد) ملیں گے۔

سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کو 560,000 ڈالر (15 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔ گروپ مرحلے میں ہر جیتنے والی ٹیم کو 34 ہزار ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر، جبکہ ساتویں اور آٹھویں نمبر پر رہنے والی ٹیموں کو ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر ملیں گے۔

ایونٹ میں شریک تمام 8 ٹیموں کو کم از کم 1 لاکھ 25 ہزار ڈالر کی گارنٹی بھی دی گئی ہے، جو انہیں ایونٹ میں شرکت کے بدلے میں حاصل ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، جہاں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان اس سے قبل 2017 میں بھی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن چکا ہے۔

ٹورنامنٹ کے حوالے سے کرکٹ شائقین میں جوش و خروش پایا جاتا ہے، اور آئی سی سی کے مطابق یہ ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگا۔

Related Post

en_USEnglish