محمد ذیشان
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم 49.3 اوورز میں 242 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستانی بیٹنگ کا آغاز مشکلات کا شکار رہا، اوپنر فخر زمان 10، سعود شکیل 8 اور بابراعظم 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی تین وکٹیں محض 54 رنز پر گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ 161 کے اسکور پر سلمان علی آغا بھی 45 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ان کے بعد آنے والے بلے بازوں میں طیب طاہر 38، خوشدل شاہ 7 اور شاہین شاہ آفریدی 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے 22 اور نسیم شاہ نے 19 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو 242 تک پہنچانے میں مدد دی، جبکہ ابرار احمد 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او’رورک نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناتھن اسمتھ اور جیکب ڈفی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے اور ٹرافی اپنے نام کرے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ انہوں نے اوپنر راچن رویندرا کی جگہ لوکی فرگوسن کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کر کے پریشر بڑھانے کی حکمت عملی اپنائیں گے۔
فائنل میچ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ محمد رضوان (کپتان)، آغا سلمان، بابراعظم، فخر زمان، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل تھا، جبکہ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ول ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ڈیریل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، ناتھن اسمتھ، جیکب ڈفی اور ول او’رورک شامل تھے۔

