محمد ذیشان: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں ایک سے دو تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کو اپنا ہدف قرار دیا ہے۔ آکلینڈ میں شیڈول تیسرے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے سے برصغیر میں شیڈول دونوں بڑے ایونٹس میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم میں نوجوان کرکٹرز شامل ہیں لیکن ان کے ساتھ ہی سیریز جیتنے کی کوشش کی جائے گی۔ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں میچ جیتنا آسان نہیں ہوتا، تاہم کم بیک کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹی20 میں بہتر کارکردگی کو دو سال ہوچکے ہیں، جبکہ بیشتر ممالک نے الگ ٹی20 اسکواڈز بنا لیے ہیں، جس کی جانب پاکستان بھی پیش قدمی کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صائم ایوب اور فخر زمان کے ساتھ ایک مضبوط کمبی نیشن تشکیل دیا جا سکتا ہے، جبکہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تیار کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ٹی20 میں چار چھکے لگ جانا بڑی بات نہیں، بلکہ شاہین شاہ آفریدی کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ شاہین کا آغاز شاندار تھا، لیکن انجری کے بعد انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

