محمد ذیشان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی 20 کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بلے بازوں، گیند بازوں اور آل راؤنڈرز کی پوزیشنز کا اعلان کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی بلے بازوں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں اور ان کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے کو ملا ہے۔
پاکستانی بلے باز بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نویں نمبر پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ نے شاندار کارکردگی کے بعد 20 درجے ترقی حاصل کرکے 13ویں نمبر پر جگہ بنائی، جب کہ ان کے ہم وطن فن ایلن بھی 8 درجے بہتری کے ساتھ 18ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے اسپنر عقیل حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کہ اس فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی گیند باز ٹاپ 20 میں جگہ نہیں بنا سکا۔
پاکستان کے تیز گیند باز حارث رؤف بولرز کی فہرست میں 26ویں نمبر پر موجود ہیں، جب کہ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی 30ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا نے پہلا مقام حاصل کر لیا ہے، جنہوں نے اپنی بیٹنگ اور بولنگ میں مستقل مزاجی برقرار رکھی ہے۔
یہ تازہ رینکنگ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا مظہر ہے اور آئندہ ٹی 20 مقابلوں میں مزید تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

