رپورٹ: محمد ذیشانسینچورین: سینچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنالیے، تاہم ٹیم کو ابھی بھی 2 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل کو روک دیا گیا، جو دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی اننگز کا آغاز 82 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان سے کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم کو دن کی پہلی وکٹ 48 رنز کے اضافے کے بعد ملی، جب ٹمبا بووما 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ بیڈنگھم 30 رنز بنا کر 178 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کائل ویرین 2 رنز کے ساتھ 188 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقی اوپنر ایڈن مارکرم نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارکو جانسن 2، کاگیسو ربادا 13، اور ڈین پیٹرسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوربن بوش نے ناقابل شکست 81 رنز بنائے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 301 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے جنوبی افریقا کو 90 رنز کی برتری ملی۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ عامر جمال نے 2 جبکہ محمد عباس اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 90 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا، لیکن ابتدائی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ صائم ایوب 28، کپتان شان مسعود 28، اور کامران غلام 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس وقت کریز پر کپتان بابر اعظم 16 اور نائب کپتان سعود شکیل 8 رنز کے ساتھ موجود ہیں، اور دونوں نے محتاط انداز میں کھیل کا اختتام کیا۔پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 2 وکٹیں جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم محض 211 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقا کے ڈین پیٹرسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کوربن بوش نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اور مارکو جینسن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

