لاہور (رپورٹ: محمد ذیشان) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے چھٹی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ یہ کامیابی ٹیم کی حالیہ عمدہ کارکردگی کا ثبوت ہے جو لاہور میں منعقدہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے دوران دیکھنے کو ملی۔آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 9 سے 19 اپریل 2025 تک لاہور میں سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا گیا، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، تھائی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیموں نے شرکت کی۔پاکستان ٹیم نے فاسٹ بولر فاطمہ ثنا کی قیادت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام میچز جیتے۔ ٹیم کی زبردست کارکردگی نے انہیں ٹورنامنٹ کا ناقابل شکست چیمپئن بنا دیا۔بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے تین تین میچوں میں کامیابی حاصل کی، تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر بنگلا دیش نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور یوں وہ بھی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی۔آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کا 13واں ایڈیشن 29 ستمبر سے 26 اکتوبر 2025 تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انگلینڈ، پاکستان اور میزبان بھارت کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے حال ہی میں خواتین کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ سے ملاقات کی اور کوالیفائر میں شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مین راؤنڈ میں بھی ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے گی۔ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ بورڈ کے معاہدے کے مطابق پاکستان خواتین ٹیم بھارت میں منعقدہ ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، اور اس مؤقف پر بورڈ قائم رہے گا۔پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار 1997 کے ورلڈکپ میں شرکت کی تھی جو بھارت میں منعقد ہوا تھا۔ اب تک پاکستان نے پانچ ورلڈکپس میں شرکت کی ہے، جن میں سے 2009 کے آسٹریلیا ورلڈکپ میں ٹیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ 2013، 2017 اور 2022 میں آٹھ ٹیموں میں آخری نمبر پر رہی۔

