شاہد آفریدی کا پی سی بی پر کڑی تنقید، محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے کا مطالبہ

محمد ذیشان

سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک کو اسٹیج پر نہ بلانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے جس پر غور کیا جانا چاہیے۔ ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو اپنے تین عہدوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، کیونکہ کرکٹ بورڈ کی سربراہی ایک فل ٹائم جاب ہے اور اس کے لیے مکمل توجہ درکار ہوتی ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت سونپنی چاہیے تھی، جبکہ ون ڈے کے لیے سلمان آغا کا بطور کپتان انتخاب مناسب ہے، مگر ٹی ٹوئنٹی میں ان کی قیادت ایک درست فیصلہ نہیں لگتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی میں ہر نیا چیئرمین یہی سمجھتا ہے کہ وہ تمام مسائل حل کر دے گا، مگر چہرے بدلنے سے نظام تبدیل نہیں ہوتا۔ کرکٹ کی بہتری کے لیے طویل المدتی پالیسی اور تسلسل کی ضرورت ہے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوچز جب ٹیم جیتتی ہے تو سارا کریڈٹ لے جاتے ہیں، مگر شکست کی ذمہ داری قبول نہیں کرتے اور کھلاڑیوں پر الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ایونٹس کی تیاری کے بجائے ہر بار سرجری کی بات کی جاتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری کرکٹ اب بھی آئی سی یو میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جونیئر ٹیموں کو مینٹورز کی ضرورت ہوتی ہے، اور سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف جیسے کرکٹرز اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Related Post

en_USEnglish