چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کی بنگلادیش پر فتح، سیمی فائنل میں جگہ پکی

محمد ذیشان

راولپنڈی: چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کیویز نے 237 رنز کا ہدف 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جس میں رچن رویندرا کی شاندار سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ رچن رویندرا 112 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جبکہ ٹام لیتھم نے 55 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیوون کانوے 30، کین ولیمسن 5 اور ول ینگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

گلین فلپس اور مائیکل بریسویل نے چھٹی وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ فلپس 21 اور بریسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد، مستفیض الرحمان، ناہید رانا اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر بنگلادیشی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ اوپنرز نے اچھی شروعات فراہم کی، تاہم جلد ہی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں۔

بنگلادیش کی پہلی وکٹ 45 کے مجموعی اسکور پر گری، جب تنزید حسن 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے مہدی حسن میراز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی، توحید ہردوئے 7، مشفق الرحیم 2، محمود اللہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان نجم الحسن شانتو نے سب سے زیادہ 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو قابل قدر مجموعے تک پہنچانے میں مدد دی۔

دیگر بلے بازوں میں جاکر علی نے 45، رشاد حسین نے 26 اور تسکین احمد نے 10 رنز بنائے، جبکہ مستفیض الرحمان 3 اور ناہید رانا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ول او رورک نے 2 اور میٹ ہینری و کائل جیمیسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی اس جیت کے ساتھ ہی وہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

Related Post

en_USEnglish