بھارت نے پاکستان کا 242 رنز کا ہدف 42.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا
ویرات کوہلی کی شاندار سنچری، بھارت نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی
رپورٹ: محمد ذیشان
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار اور ذمہ دارانہ سنچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارت نے 42.3 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی بیٹنگ:
پاکستان کے اوپنرز امام الحق اور بابراعظم نے 41 رنز کی شراکت داری کی، مگر بابر اعظم 23 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے فوراً بعد امام الحق بھی رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 10 رنز بنائے۔
محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 103 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعود شکیل نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں طیب طاہر 4، سلمان علی آغا 19، شاہین آفریدی صفر، نسیم شاہ 14 اور حارث رؤف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ خوشدل شاہ 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل اور ہرشیت رانا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
بھارت کی بیٹنگ:
بھارتی اننگز کا آغاز روہت شرما اور شبھمن گل نے کیا، جبکہ پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا۔ پانچویں اوور میں شاہین نے روہت شرما کو کلین بولڈ کر کے 20 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
ابتدائی 10 اوورز میں بھارت نے 1 وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنائے، اس دوران شبھمن گل 35 اور ویرات کوہلی 6 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
ابرار احمد نے 17.3 اوور میں شبھمن گل کو 45 رنز پر کلین بولڈ کر کے بھارت کو دوسرا نقصان پہنچایا۔
ویرات کوہلی کی شاندار سنچری:
ویرات کوہلی نے 26.1 اوور میں نسیم شاہ کی گیند کو باؤنڈری کے پار پھینک کر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 62 گیندوں پر 52 رنز بنا چکے تھے۔
35 اوورز مکمل ہونے پر بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا لیے، اس موقع پر ویرات کوہلی 71 اور شریاس آئیر 48 رنز پر کھیل رہے تھے۔
ویرات کوہلی اور شریاس آئیر نے 114 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔ 214 کے مجموعی اسکور پر شریاس 56 رنز بنا کر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ہاردک پانڈیا کو 8 رنز پر بولڈ کر کے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی، مگر کوہلی اپنی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر لے آئے۔
بھارت کی فتح:
ویرات کوہلی 100 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ شریاس آئیر نے 56 اور شبھمن گل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت نے 45 گیندیں قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2، جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
ٹیمیں:
پاکستان:
محمد رضوان (کپتان)، امام الحق، بابراعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد
بھارت:
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، ہرشیت رانا، محمد شامی، کلدیپ یادیو
یہ میچ ویرات کوہلی کی ناقابل شکست سنچری اور بھارتی بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت کے نام رہا، جبکہ پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔

