محمد زیشان
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 321 رنز کے تعاقب میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ 69 اور بابر اعظم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان آغا 42، فخر زمان 24، حارث رؤف 19، شاہین شاہ آفریدی 14، نسیم شاہ 13، سعود شکیل 6، کپتان محمد رضوان 3 اور طیب طاہر 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وِل او رورکی اور کپتان مچل سینٹنر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہینری نے 2 اور مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ کیویز کا آغاز متاثر کن نہ تھا اور 73 رنز پر ان کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ ڈیون کونوے اور ڈیرل مچل 10، 10 جبکہ کین ولیمسن صرف 1 رن بنا سکے۔
اس مشکل صورتحال کے بعد وِل ینگ اور ٹام لیتھم کے درمیان 118 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، جس کے بعد وِل ینگ 107 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے بھی 125 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ گلین فلپس 49.4 اوورز میں 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے باؤلرز زیادہ متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو، دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے امید ظاہر کی تھی کہ ان کی ٹیم میزبان پاکستان کے خلاف بڑا ہدف دے کر اسے دباؤ میں لائے گی۔
پاکستان اسکواڈ: محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد۔
نیوزی لینڈ اسکواڈ: مچل سینٹنر (کپتان)، وِل ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہینری، نیتھن اسمتھ، وِل او رورکی۔

