گُوڈیسن پارک میں آخری مرزی سائیڈ ڈربی کا ڈرامائی اختتام
رپورٹ: ذیشان شریف
ایورٹن اور لیورپول کے درمیان پریمیئر لیگ کا تاریخی مرزی سائیڈ ڈربی ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-2 سے برابر رہا۔ یہ میچ ایورٹن کے ہوم گراؤنڈ، گُوڈیسن پارک میں کھیلا گیا، جہاں انجری ٹائم کے آخری لمحات میں ایورٹن نے برتری کو ختم کرتے ہوئے مداحوں کو ناقابلِ یقین خوشی دی۔
مقررہ 90 منٹ کے کھیل کے بعد ریفری نے پانچ منٹ کا اضافی وقت دیا، لیکن آن فیلڈ انجری کے باعث مزید وقت بڑھا دیا گیا۔ اسی اضافی وقت میں، ایورٹن کے جیمز ٹارکوسکی نے 98ویں منٹ میں ایک شاندار گول کرکے لیورپول کی جیت کے امکانات ختم کر دیے۔ گول کے بعد ایورٹن کے مداحوں نے گراؤنڈ میں داخل ہو کر بھرپور جشن منایا، جسے ریفری نے وی اے آر (VAR) ٹیکنالوجی کی مدد سے تصدیق کیا، اور گول برقرار رکھا گیا۔
میچ کے اختتام پر ایک تنازع اُس وقت کھڑا ہوا جب ایورٹن کے عبدالائے ڈوکور گول کے بعد لیورپول کے مداحوں کے سامنے جا کر خوشی منانے لگے۔ یہ حرکت لیورپول کے کھلاڑیوں کو پسند نہ آئی اور کرٹس جونز نے ڈوکور کو پیچھے سے پکڑ لیا، جس کے بعد دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہی دیگر کھلاڑیوں اور ریفری نے بیچ بچاؤ کیا، لیکن صورتحال اتنی شدت اختیار کر چکی تھی کہ ریفری مائیکل اولیور کو دونوں کھلاڑیوں کو دوسرا پیلا کارڈ دکھانا پڑا، جس کا مطلب تھا کہ وہ فوری طور پر میچ سے باہر ہو گئے۔
صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اسٹیڈیم کے اسٹیورڈز کو بلایا گیا تاکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو الگ کیا جا سکے۔ اس ہنگامے کے دوران لیورپول کے منیجر آرنے سلاٹ، ریفری سے گول کی وضاحت لینے کے لیے آگے بڑھے، لیکن جیسے ہی وہ مائیکل اولیور کے قریب پہنچے، ریفری نے انہیں براہِ راست لال کارڈ دکھا دیا۔
ریڈ کارڈ ملنے کا مطلب یہ تھا کہ آرنے سلاٹ آئندہ دو میچز کے دوران ٹیم کے ڈگ آؤٹ میں موجود نہیں ہوں گے، جو لیورپول کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ تنازع اور میچ کے اختتامی لمحات نے گُوڈیسن پارک کے آخری مرزی سائیڈ ڈربی کو یادگار اور تنازعات سے بھرپور بنا دیا۔
یہ میچ پریمیئر لیگ کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ڈرامائی اور جذباتی مقابلے کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جہاں ایک لمحے میں جیتنے والی ٹیم اگلے ہی لمحے برابری پر آ گئی، اور تنازعات نے میچ کے بعد بھی سرخیوں میں جگہ بنائی۔

