شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کی کوچنگ میں بڑی تبدیلیرپورٹر: محمد ذیشانمسلسل خراب کارکردگی اور شکستوں کے بعد دنیا کے امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کی کوچنگ میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم اختلافات اور شکستوں کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہے، اور اس مشکل وقت میں بورڈ کا یہ فیصلہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے بڑے ناموں کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیجنڈری کرکٹر سیتانشو کوٹک کو نیا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ سوراشٹرا کے معروف کھلاڑی کو انگلینڈ کے خلاف ہوم وائٹ بال سیریز کے لیے ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے مستقبل پر اس فیصلے نے سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی ٹیم کے موجودہ کوچنگ اسٹاف میں گوتم گمبھیر کے علاوہ بولنگ کوچ مورنے مورکل، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ، اور دو اسسٹنٹ کوچز، ابھیشیک نائر اور ریان ٹین ڈوشیٹ شامل ہیں۔ بی سی سی آئی کے اس اقدام سے پہلے تک ٹیم کے پاس کوئی ماہر بیٹنگ کوچ موجود نہیں تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیتانشو کوٹک چیمپئنز ٹرافی سے پہلے بیٹنگ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس دوران بھارت کو 22 جنوری سے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔چیمپئنز ٹرافی کے قریب ہونے کے باوجود بھارتی ٹیم میں اختلافات اور کوچنگ تبدیلیاں ایک بڑا موضوع بن گئی ہیں۔ اس فیصلے پر جہاں کرکٹ حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، وہیں چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر اس کا اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب، آج بھارتی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور کپتان روہت شرما اس پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کریں گے، تاہم ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اس میں شریک نہیں ہوں گے۔یہ واضح نہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد گوتم گمبھیر بطور ہیڈ کوچ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے یا نہیں۔ ان کے فیصلے اور پرفارمنس کے حوالے سے بی سی سی آئی نے فی الحال کوئی بیان نہیں دیا۔بھارتی شائقین اور تجزیہ کاروں کی نظریں اب انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور چیمپئنز ٹرافی پر ہیں۔ ٹیم میں حالیہ تبدیلیاں اس وقت کامیاب ہوں گی جب بھارتی ٹیم میدان میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

