پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: دوسرے روز پاکستان کو 202 رنز کی برتری حاصل

رپورٹر: محمد ذیشانپاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: دوسرے روز پاکستان کو 202 رنز کی برتری حاصلسیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف 202 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، جہاں کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 143 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ محمد رضوان اور سعود شکیل نے 141 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی، تاہم سعود 84 اور رضوان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 2، نعمان علی صفر، ساجد خان 18، اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے۔ یوں پاکستان کی ٹیم 230 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کے باؤلرز میں جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیون سنکلیئر نے دو اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ لی۔ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا، جہاں اسپنر ساجد خان نے ابتدائی چار کھلاڑیوں کو جلد ہی پویلین واپس بھیج دیا۔ بعد ازاں، نعمان علی نے پانچ اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ بریتھویٹ نے سب سے زیادہ 11 رنز بنائے، جبکہ دیگر بلے بازوں میں میکائل لوئس 1، کیسی کارٹی 0، کیویم ہوج اور جسٹن گریوز 4، 4، اور ٹیون املاچ 6 رنز ہی بنا سکے۔ لوئر آرڈر میں گڈاکیش موتی 19، جومل واریکن 31، اور جیڈن سیلز نے بھی کچھ مزاحمت کی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اور پاکستان کے خلاف 93 رنز کے خسارے میں رہی۔پاکستان نے دوسری اننگز کا پراعتماد آغاز کیا، لیکن کپتان شان مسعود 52 اور محمد حریرہ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم صرف 5 رنز بنا سکے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔پہلے دن کے کھیل میں پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے۔ میچ کا ٹاس خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، اور میچ دوپہر 1 بجے شروع ہوا۔ شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آخری میچ میں فتح کو اولین ہدف قرار دیا۔

Related Post

en_USEnglish