ہربھجن سنگھ کا پاکستان پر طنز: “ٹیم کے نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا”
رپورٹ: محمد ذیشان
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے پاکستان کے موجودہ حالات کو قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نامناسب قرار دیا ہے۔ اسپورٹس ٹوڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، “اگر آپ ہندوستان نہیں آنا چاہتے تو مت آئیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔”
سری لنکا حملے کا حوالہ اور پاکستان پر تنقید
ہربھجن سنگھ نے ماضی کے سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کو پاکستان کی موجودہ صورتحال کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا، “اگر پاکستان میں حالات مختلف ہوتے تو شاید چیزیں بھی مختلف ہوتیں۔”
ادھر بھارت کی اپنی ریاستوں منی پور اور میزورام میں علیحدگی پسند تحریکیں چل رہی ہیں، جبکہ مذہبی تنازعات کے باعث سنبھل میں فسادات کے دوران 6 سے زائد مسلمانوں کی شہادت ہوئی۔ تاہم بھارتی کرکٹر ان مسائل پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ہربھجن سنگھ نے ماضی کے تجربات یاد کرتے ہوئے کہا، “جب میں پاکستان گیا تھا تو شاندار میزبانی کی گئی۔ بازاروں میں لوگ ہم سے کھانے کے پیسے نہیں لیتے تھے، اور تحائف دیتے تھے۔”
بھارتی کھلاڑیوں کے لیے پاکستانی شائقین کی خواہش
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شائقین ویرات کوہلی اور دیگر بھارتی سپر اسٹارز کو دیکھنے سے محروم ہیں، اور اس پر افسوس ہے، لیکن بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتا۔
چیمپیئنز ٹرافی پر پاکستان کو مشورہ
ہربھجن نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر ضد چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا، “آپ ضد پر قائم رہ کر ٹورنامنٹ کو نہیں روک سکتے۔ دیگر کئی ممالک ایونٹ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔”
چیمپیئنز ٹرافی پر بھارت اور پاکستان کا تنازع
بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پر اختلافات بدستور برقرار ہیں۔ پاکستان نے پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولا پیش کیا ہے، لیکن بھارت نے اس پر اعتراض کیا ہے۔
پاکستان نے موقف اپنایا ہے کہ وہ 2031 تک آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈلز پر اصرار کرے گا کیونکہ حکومت کی جانب سے بھارت جانے کی اجازت مشکل ہے۔ تاہم آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے اس حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی۔

