پاکستان کو 20 سال بعد اسکواش کے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل گئی
رپورٹ: ذیشان شریف
پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ چیمپئن شپ ملک میں اسکواش کے سنہری دور کی بحالی کا سبب بنے گی۔
پاکستان کو طویل عرصے بعد ایک بار پھر عالمی اسکواش کے بڑے ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ورلڈ اسکواش نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اگلے سال ورلڈ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔
یہ تاریخی ایونٹ 6 سے 10 اپریل 2025 تک کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
پہلی ورلڈ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کے دوران 60 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔
یہ ایونٹ نہ صرف پاکستان میں اسکواش کے فروغ کے لیے اہم ہوگا بلکہ عالمی سطح پر ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2005 میں کسی ورلڈ اسکواش ایونٹ کی میزبانی کی تھی، جس کے بعد 20 سال کے طویل وقفے کے بعد یہ موقع دوبارہ ملا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ایونٹ سے نہ صرف نوجوان ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملے گا بلکہ اسکواش کے شائقین کے لیے بھی ایک یادگار تجربہ ہوگا۔

