گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات لینے کا فیصلہ

رپورٹ: محمد ذیشان

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اور دیگر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بین الاقوامی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے کی، جس میں صوبائی یونٹس اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیرس اولمپکس سمیت آئندہ مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے لیے ارشد ندیم، یاسر اور شجر عباس کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ پاکستان مزید میڈلز جیت سکے۔ پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ساؤتھ ایشین کراس اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریوں کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ملک بھر سے گراس روٹ سطح پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور ایسے بچوں کو تربیت اور تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ڈوپنگ کے خلاف سختی سے عملدرآمد کرنے اور ملک میں میراتھن اور روڈ ریسز کے لیے تکنیکی اور آپریشنل سپورٹ فراہم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔ حکومتی فنڈنگ پر انحصار کم کرنے کے لیے اسپانسر شپ پول بڑھانے اور مارکیٹنگ کے شعبے کو فعال کرنے کے منصوبے پیش کیے گئے۔

پاکستان میں موجود کوچز اور تکنیکی عملے کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا گیا، جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام میں شامل پاکستانی کوچز کی شمولیت کو کھیل کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر سابق صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کی زیر قیادت بین الاقوامی مقابلوں میں ارشد ندیم اور دیگر اتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا

Related Post

en_USEnglish