گورننگ بورڈ کا اجلاس: چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں پر اہم پیش رفت

رپورٹ: محمد ذیشاناسلام آباد میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئیں۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ پر ہونے والی پیش رفت اور اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گورننگ بورڈ نے چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے لیے کیے گئے اقدامات اور چیئرمین کے اصولی موقف کو سراہا۔محسن نقوی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان اور کرکٹ کے مفاد کی بات کرتے ہیں اور چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئینز ٹرافی پاکستان کی عزت ہے اور اسے ہر صورت میں محفوظ رکھا جائے گا۔ تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہا جائے گا تاکہ پاکستانی شائقین کو ان ٹیموں کو اپنے میدانوں میں کھیلتے دیکھنے کا موقع ملے۔چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ میں سیاست کے کردار کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل کروڑوں لوگوں کی محبت کا مرکز ہے اور اس میں سیاست کی مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔اجلاس کے دوران راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد سے متعلق خدشات اور چیمپئینز ٹرافی کے متوقع شیڈول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے مزید معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائے گا۔

Related Post

en_USEnglish