رپورٹ: محمد ذیشان
کراچی: جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج پارل میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس کو فتح کی راہ پر واپس آنے کا چیلنج درپیش ہے جبکہ میزبان ٹیم کے بہترین کھلاڑی اس مقابلے کا حصہ ہوں گے۔
پروٹیز کیمپ میں ٹیمبا باووما کو آرام دیا گیا ہے اور پہلے میچ کی قیادت ایڈین مارکرم کو سونپی گئی ہے۔ مارکرم بیٹ کے ساتھ اپنی شاندار فارم جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں اور ان کی قیادت میں ٹیم ایک بہتر آغاز کی امید رکھتی ہے۔
ٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی نظریں اب ون ڈے سیریز پر مرکوز ہیں۔ پہلے میچ میں، گرین شرٹس کو بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ انہیں ٹی 20 سیریز میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
پاکستانی بیٹرز کو ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے سامنے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے ٹی 20 میں رضوان نے سست رفتاری سے نصف سنچری بنائی، جبکہ دوسرے میچ میں صرف صائم ایوب برق رفتار 98 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اب ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کو مضبوط پروٹیز کے خلاف کھیلنا ہوگا۔
جنوبی افریقی اسکواڈ میں اہم کھلاڑی، جیسے کہ اسپنر کیشیو مہاراج اور فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا، واپس آ چکے ہیں۔ میزبان ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنے کمبی نیشنز کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عالمی سطح پر کامیابی کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔
پاکستانی ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں حالیہ کارکردگی کے باعث پْرامید ہے۔ اس نے آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اب بہتر کارکردگی کے لیے تیار ہے۔ نوجوان کھلاڑی صائم ایوب اپنی شاندار اننگز کے تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
محمد رضوان اور بابراعظم تجربہ کار کھلاڑی ہونے کے ناطے توقعات کا محور ہوں گے۔ عبداللہ شفیق اور سلمان آغا بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، جبکہ اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف اہم کردار ادا کریں گے۔
پاکستانی ٹیم اپنی ہوم گراؤنڈ پر شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے میں کمبی نیشنز آزمانا چاہے گی۔ یہ سیریز گرین شرٹس کے لیے ایک اہم امتحان ثابت ہوگی جہاں انہیں اپنی کارکردگی بہتر کر کے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا۔

