چیمپئنز ٹرافی کی جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رونمائی ہوگی۔ آئی سی سی کی زیر نگرانی اور پی سی بی کے تحت، ٹرافی جمعرات کی صبح نیشنل بینک اسٹیڈیم لائی جائے گی، جہاں اس کی رونمائی کے بعد میڈیا کے لیے فوٹو سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔

چیمپئنز ٹرافی بدھ کو اسلام آباد سے کراچی پہنچی تھی، لیکن راستے میں شارع فیصل پر ٹریفک جام ہونے کے باعث شام کو ٹرافی کا سرکاری فوٹو سیشن نہیں ہو سکا۔ پی سی بی حکام سیکیورٹی کلیرنس کا انتظار کر رہے ہیں، اور اجازت ملنے پر جمعرات کو ٹرافی کا مکمل ٹور شیڈول سامنے لایا جائے گا۔

اس ٹور کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہے گی، جہاں اسے مزار قائد اور مہوٹہ پیلس پر بھی نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ٹرافی کی نمائش مختلف عوامی مقامات اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی کی جائے گی۔ 26 نومبر کو یہ ٹرافی افغانستان پہنچا دی جائے گی، جہاں 28 نومبر تک نمائش جاری رہے گی۔ بعد ازاں، چیمپئنز ٹرافی بنگلہ دیش، جنوبی افریقا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آخرکار بھارت میں 15 جنوری سے 26 جنوری تک نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔

ٹرافی کا دورہ پاکستان اسلام آباد سے شروع ہوا تھا، جہاں اس کو دامن کوہ، فیصل مسجد، پاکستان مونومنٹ میوزیم اور مختلف تعلیمی اداروں میں نمائش کے لیے رکھا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی نے ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا بھی دورہ کیا۔ تاہم، آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے تحت تین پاکستانی شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

Related Post

en_USEnglish