رپورٹ: محمد زیشان

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین یونس خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا جانا چاہیے کیونکہ بلاجواز تنقید سے کھلاڑی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ پاکستان کرکٹ ٹیم دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جہاں بیٹنگ لائن میں فخر زمان، بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے تجربہ کار بلے باز شامل ہیں، وہیں بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جیسے فاسٹ بولرز ٹیم کو تقویت فراہم کریں گے۔ یونس خان نے مزید کہا کہ نوجوان بیٹر صائم ایوب کی انجری بدقسمتی ہے، اور پاکستان ٹیم ان کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی ایونٹس کے آغاز سے قبل ٹیم کے انتخاب پر بے جا تنقید سے کھلاڑی غیر ضروری دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں، جبکہ ٹیم کا انتخاب ہمیشہ دستیاب بہترین کھلاڑیوں میں سے کارکردگی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ یونس خان نے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گراس روٹ لیول پر نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے اسکول اور کالج کی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں اپنے نام سے منسوب انکلوژر پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے اور ان کے ریکارڈز ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ازراہ مزاح، یونس خان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ملک کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

Related Post

en_USEnglish