محمد ذیشان
دبئی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج میچ کی ٹکٹوں کی فروخت نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شائقین کرکٹ کی بے پناہ دلچسپی کے باعث اس میچ کے تمام ٹکٹس انتہائی تیزی سے فروخت ہو گئے، جن کی مجموعی مالیت 45.6 ملین درہم تک پہنچ گئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ یہ میچ 23 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کی گنجائش 25 ہزار تماشائیوں کی ہے۔ پاک بھارت میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 500 درہم سے لے کر 12,500 درہم تک رکھی گئی تھی، جو شائقین کی بے پناہ جوش و خروش کی عکاسی کرتی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دیگر میچز کے ٹکٹس کی فروخت بھی حیران کن رہی، اور دبئی میں ہونے والے تمام میچوں کے ٹکٹس مجموعی طور پر 88.55 ملین درہم میں فروخت ہو چکے ہیں۔ کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ ہمیشہ سے سب سے زیادہ متوقع اور مقبول ترین مقابلہ سمجھا جاتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس کے ٹکٹس کی طلب دوسرے میچز کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ کو کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ سمجھا جاتا ہے، جہاں دونوں ممالک کے شائقین نہ صرف میدان میں بلکہ ٹی وی اسکرینز پر بھی بڑی تعداد میں اس میچ کو دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔ اس ایونٹ کے ٹکٹس کی ریکارڈ توڑ فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ کے چاہنے والے اس تاریخی مقابلے کے لیے کس قدر بے تاب ہیں۔

