چیمپئنز ٹرافی: بین ڈکٹ کی شاندار سنچری، انگلینڈ کا آسٹریلیا کو 352 رنز کا ہدف

محمد ذیشان

چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 352 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش اننگز کا آغاز بین ڈکٹ اور فل سالٹ نے کیا، تاہم دوسرے ہی اوور میں ایلکس کیری کے شاندار کیچ نے فل سالٹ کو 10 رنز پر پویلین بھیج دیا، جبکہ چھٹے اوور میں جیمی اسمتھ بھی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 43 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈکٹ اور جو روٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم کیا۔ بین ڈکٹ نے شاندار 165 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے، جبکہ جو روٹ 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے دیگر بلے بازوں میں کپتان جوز بٹلر نے 23، جوفرا آرچر نے 21، لیام لیونگسٹن نے 14، برائیڈن کارس نے 8 اور ہیری بروک نے 3 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زمپا اور مارنس لبوشین نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں، اور گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے دیگر میچز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی، بھارت نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے ہرایا، جبکہ کراچی میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دی تھی۔

Related Post

en_USEnglish