محمد ذیشان
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45.3 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل بھارت کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی تین وکٹیں 30 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئیں، شبمن گل 2، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
چوتھی وکٹ پر اکشر پٹیل اور شیریاس آئیر کے درمیان 98 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اکشر پٹیل 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جبکہ شیریاس آئیر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ کے ایل راہول 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ہاردک پانڈیا 45، رویندرا جدیجا 16، محمد شامی 5 اور کلدیپ یادیو 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے، اس طرح بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہنری نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کائل جیمیسن، راچن رویندرا، ول او رورک اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
بھارت کے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا۔ 17 کے مجموعی اسکور پر رویندرا 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پھر ول ینگ 22 رنز بناکر ورون کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، یوں نیوزی لینڈ کو 49 کے مجموعی اسکور پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا۔
اس کے بعد مچل 93 کے مجموعے پر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اور پھر ٹام لیتھم 133 کے مجموعے پر 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین فلپس تھے جو 133 کے مجموعے پر 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد مچل بریس ویل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 81 رنز کی اننگز کھیلی اور 169 کے مجموعے پر اکشر پٹیل کا شکار بنے۔ پھر 195 پر مچل سینٹنر بھی آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں ہینری اور ول او رورک بالترتیب 196 اور 205 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
بھارت کے ورون چکرورتی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ پانڈیا، پٹیل اور جدیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ 4 مارچ کو آسٹریلیا سے ہوگا۔
بھارت کا اسکواڈ:
کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، اکسر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، محمد شامی، کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:
کپتان مچل سینٹنر، راچن رویندرا، ول ینگ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، کائل جیمیسن اور ول او رورک۔

