چیمپئنز ٹرافی: ابراہیم زادران کی شاندار سنچری، افغانستان کا انگلینڈ کو 326 رنز کا ہدف

محمد زیشان

لاہور: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے ایک اہم میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دے دیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں افغانستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔

افغانستان کی اننگز کے ہیرو ابراہیم زادران رہے، جنہوں نے 146 گیندوں پر 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ عظمت اللہ عمر زئی نے 41، جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی نے 40، 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ان کی ابتدائی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔ محض 37 کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ رحمان اللہ گرباز 6، جبکہ صدیق اللہ اتل اور رحمت شاہ 4، 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تینوں بلے بازوں کو انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

مشکل صورتحال میں کپتان حشمت اللہ شاہدی اور ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 103 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ تاہم 140 کے مجموعے پر حشمت اللہ شاہدی 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

افغانستان کی پانچویں وکٹ 212 کے مجموعے پر گری، جب عظمت اللہ عمر زئی 41 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اننگز کے آخری اوور میں ابراہیم زادران اور محمد نبی بھی آؤٹ ہوگئے، زادران نے 177 جبکہ نبی نے 40 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لیام لیونگسٹون نے 2 جبکہ عادل رشید اور جیمی اوورٹن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انہیں یہ مقابلہ جیتنا ضروری ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں، جن میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

میچ کے لیے انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جو روٹ، ہیری بروک، جوس بٹلر (کپتان)، لیام لیونگسٹون، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ افغانستان کی پلیئنگ الیون میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، صدیق اللہ اتل، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، عظمت اللہ عمر زئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، نور احمد اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔

Related Post

en_USEnglish