رپورٹر: محمد ذیشان
جنوبی افریقا نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے دی
جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں 11 رنز سے شکست دے دی۔ ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم 184 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان کی شاندار اننگ نے ٹیم کی امیدیں روشن رکھیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ محمد رضوان نے 61 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ، صائم ایوب 31، طیب طاہر 18، شاہین شاہ آفریدی 9، عثمان خان 9، عرفان خان 1، بابر اعظم اور عباس آفریدی 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جارج لنڈا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ، کوینا مپاکا نے 2، اوٹنیل بارٹمن اور اینڈیل سمیلانے نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے 40 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی اننگز نے جنوبی افریقا کو ایک مضبوط ٹوٹل فراہم کیا۔
جارج لنڈا 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کیوانا مپاکا 12 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔ کپتان ہینرک کلاسن 8، ریزا ہینڈرکس 8، ڈونون فیریرا 7، نقابایومزی پیٹر 3، اینڈیل سمیلانے 1 اور وین ڈر ڈوسین 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سفیان مقیم 1 وکٹ حاصل کر سکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے حاصل کیا گیا 183 رنز کا مجموعہ پاکستان کے لیے بہت بڑا چیلنج ثابت ہوا، جس میں جنوبی افریقا کی مضبوط بولنگ لائن اور پاکستان کے بلے بازوں کی ناتجربہ کاری نے فرق ڈال دیا۔

