رپورٹ: محمد ذیشان
ملتان میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز مشکلات کا شکار ہوگئی۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے 76 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، اور جیت کے لیے مزید 178 رنز درکار ہیں۔
کھیل کے اختتام پر سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے مزید 6 وکٹیں درکار ہیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، شان مسعود اور محمد ہریرہ محض 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کامران غلام 19 رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کپتان کریگ براتھویٹ نے 52 رنز بنائے، جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹیون املاچ (35) اور گڈاکیش موتی (18) شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے روز کے کھیل میں دونوں ٹیمیں اپنی پہلی اننگز مکمل کر چکی تھیں۔ ویسٹ انڈیز نے 163 رنز بنائے، جس میں گڈاکیش موتی کے 55 اور جومل واریکن کے 36 رنز شامل تھے۔ پاکستان کے اسپنرز نے بہترین کارکردگی دکھائی، نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی پہلی اننگز انتہائی مایوس کن رہی۔ کپتان شان مسعود 15، محمد ہریرہ 9 اور بابر اعظم صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل نے 32 رنز بنائے۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کا اسکواڈ شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔

