محمد ذیشان کی رپورٹ
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے، جبکہ فنشنگ کا عمل بھی 31 جنوری تک پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ اس بات کا اعلان پروجیکٹ منیجر بلال چوہان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی نئی زیر تعمیر عمارت میں فنشنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے، جہاں گراؤنڈ فلور پر اینٹی کرپشن، اینٹی ڈوپنگ، اور میچ آفیشلز کے کمرے مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پروجیکٹ منیجر کے مطابق، عمارت کی پہلی منزل پر دونوں ٹیموں کے ڈریسنگ رومز تقریباً مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ تیسرے اور چوتھے فلور پر جدید سہولیات سے آراستہ 24 ہاسپٹلیٹی باکسز اپنی تکمیل کے قریب ہیں۔ اس کے علاوہ، چوتھی منزل پر چیئرمین باکسز اور ایڈمن بلاک پر بھی کام جاری ہے، جو جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔
عمارت میں دو جدید لفٹس نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ ایک بیرونی لفٹ اگلے چند دنوں میں لگائی جائے گی۔ وی وی آئی پی انکلوژرز میں تعمیراتی کام اختتام کے قریب ہے، اور اہم شخصیات کے لیے گیلری کی تیاری بھی تیزی سے جاری ہے۔ ماجد خان اور ظہیر عباس کے نام سے منسوب وی وی آئی پی انکلوژرز میں بھی تعمیراتی کام اپنی آخری مراحل میں ہے۔
اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا بنیادی کام مکمل ہو چکا ہے، اور یہ لائٹس اگلے چند روز میں نصب کر دی جائیں گی۔ ایل ای ڈی لائٹس کی کھیپ بندرگاہ سے جلد کلیئر ہو جانے کی توقع ہے، جبکہ دونوں ڈیجیٹل اسکرینز دبئی سے کراچی پہنچ چکی ہیں۔
امریکی ماہرین کی زیر نگرانی ڈیجیٹل اسکرینز کو اگلے چند دنوں میں نصب کیا جائے گا۔ 80 بائی 30 فٹ کی بڑی اسکرین وسیم اکرم انکلوژر کے سامنے جبکہ 20 بائی 30 فٹ کی اسکرین انتخاب عالم انکلوژر کے سامنے لگائی جائے گی۔
اسٹیڈیم کے اندر فرنیچر بھی بدھ تک پہنچنے کی امید ہے۔ تماشائیوں کے لیے کار پارکنگ کے موثر انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سندھ حکومت نے اس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو خصوصی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے اس منصوبے میں ماجد خان، ظہیر عباس اور دیگر اہم ناموں کے انکلوژرز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد اسٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے پوری طرح تیار ہو جائے گا۔

