محمد ذیشان
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کو 19 فروری سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے، جس میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی۔ اس ماڈل کے تحت ایک سیمی فائنل بھی دبئی میں ہوگا اور اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو وہ بھی دبئی میں ہی منعقد کیا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے اپنی ہٹ دھرمی سے اپنے میچز پاکستان سے دبئی منتقل کروائے اور اب انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی فوٹو شوٹ اور کپتانوں کی ٹرافی شوٹ و پریس کانفرنس بھی ختم کروانے میں کامیابی حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’ (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض اٹھایا تھا، جس کے بعد یہ خبریں گردش میں آئیں کہ بھارتی کپتان روہت شرما سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان نہیں جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی کے ساتھ ٹیموں کے ہمراہ کسی تقریب کا کوئی باضابطہ پلان بنایا ہی نہیں گیا تھا۔
گزشتہ برس امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی20 ورلڈکپ سے قبل بھی کپتانوں کا کوئی فوٹو شوٹ نہیں ہوا تھا، لہٰذا چیمپئنز ٹرافی میں بھی ایسا نہ ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ضرور منعقد کی جائے گی، جس میں کراچی اور لاہور کے دونوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح بھی شامل ہوگا۔
ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی پاکستان آمد مختلف تاریخوں پر ہو رہی ہے، جس کے باعث افتتاحی تقریب یا کپتانوں کے باضابطہ اجتماع کا انعقاد ممکن نہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد 18 فروری کو لاہور پہنچے گی، جبکہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر 19 فروری کو پاکستان آئے گا۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا ایک ہی گروپ میں شامل ہیں اور 22 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گے۔ چونکہ یہ دونوں ٹیمیں تاخیر سے پاکستان پہنچیں گی، اس لیے کپتانوں کے فوٹو شوٹ یا مشترکہ پریس کانفرنس میں ان کی شرکت ممکن نہیں ہوگی، جس کا مطلب یہ بھی ہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما بھی پاکستان نہیں آئیں گے۔

