پاکستان نے کینگروز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کی
پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کا 164 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے شاندار آغاز فراہم کیا، دونوں کھلاڑیوں نے 137 رنز کی شراکت قائم کی۔ صائم ایوب نے 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق نے 64 رنز بنائے، جب کہ بابراعظم 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی۔
آسٹریلوی بیٹنگ کی ناکامی
آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنرز جیک فریزر-میک گرک اور میتھیو شارٹ کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ لائن کا دباؤ بڑھ گیا۔ جوش انگلس 18، مارنس لبوشین 6، اسٹیو اسمتھ 35، آرون ہارڈی 13، گلین میکسویل 16، پیٹ کمنز 13، ایڈم زمپا 18 اور مچل اسٹارک ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی بالنگ کی کامیاب کارکردگی
پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں لیں، جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس اور ٹیم انتظامات
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مقصد میچ جیت کر سیریز برابر کرنا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ میچ جیت کر سیریز پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور ایک تبدیلی کی گئی ہے، شان ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں:
پاکستان:
کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین
آسٹریلیا:
کپتان پیٹ کمنز، میٹ شارٹ، جیک فریزر-میک گرک، اسٹیون اسمتھ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، آرون ہارڈی، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ

