رپورٹر: ذیشان شریفوزیر کھیل سندھ سردار بخش مہر نے قیدیوں اور پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کے لیے کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کا نعرہ ’کھیل سب کے لیے‘ ہے، جس کا مقصد تمام طبقات کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔یہ اعلان قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں میڈلز جیتنے والے سندھ کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا، جو یوتھ کلب میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر کھیل سردار بخش مہر نے خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔بین الصوبائی گیمز میں سندھ نے مجموعی طور پر 79 میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان میں 16 گولڈ، 28 سلور، اور 45 برانز میڈلز شامل ہیں، جو کھلاڑیوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہیں۔سردار بخش مہر نے کہا کہ سندھ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر کن ہے اور حکومت ان کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے قیدیوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ یہ طبقے بھی معاشرے میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔تقریب میں گیمز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیے گئے۔ صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنے اور ملک کا نام روشن کرنے کی ترغیب دی۔قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں سندھ کے کھلاڑیوں نے 15 مختلف کھیلوں کے 26 ڈسپلن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی محنت اور لگن نے صوبے کو تیسری پوزیشن دلائی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت سندھ نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور تمام شعبوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھانے کی کوشش جاری رہے گی۔

