روہت شرما کا منفرد مگر منفی ریکارڈ، بھارت کے مسلسل 15 ٹاس میں شکست
رپورٹ: محمد زیشان
دبئی: چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جبکہ ہدف کے تعاقب میں روہت شرما کی قیادت میں مضبوط آغاز کیا۔ تاہم، بھارتی کپتان ایک منفرد مگر منفی ریکارڈ بھی اپنے نام کر بیٹھے۔
روہت شرما، جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت بھارت کو فائنل تک لے کر آئے، مسلسل ٹاس ہارنے کی بدقسمتی کا شکار رہے۔ فائنل میچ میں جب نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر اور روہت شرما ٹاس کے لیے میدان میں آئے، تو بھارتی کپتان ایک اور ٹاس ہار کر ایک ناپسندیدہ ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے۔
چیمپیئنز ٹرافی سمیت بھارت کو ایک روزہ کرکٹ میں مسلسل 15 میچوں میں ٹاس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ روہت شرما کی قیادت میں یہ مسلسل 12 واں ٹاس تھا جو وہ جیتنے میں ناکام رہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان برائن لارا کے ریکارڈ کی برابری کر لی، جنہوں نے 1998 سے 1999 کے دوران مسلسل 12 ٹاس ہارے تھے۔
بھارت کے لیے یہ سلسلہ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے ساتھ شروع ہوا تھا اور تاحال جاری ہے۔ اس منفرد مگر مایوس کن ریکارڈ کے باوجود بھارتی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنے تمام مدمقابل ٹیموں کو باآسانی شکست دی۔
ٹاس کی ناکامی کے باوجود روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کی مجموعی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے، اور چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھی وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

