پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لیے ہیں۔ سڈنی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے۔ آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی تین اوورز میں ہی 52 رنز بنا لیے، مگر پھر پاکستانی بولرز نے پوزیشن سنبھالی اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کی اننگز کو محدود کیا۔
پاکستانی بولرز میں حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 اور سفیان مقیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، جہاں بابراعظم 3، صاحبزادہ فرحان 5، محمد رضوان 16 اور آغا سلمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت تک پاکستان کا اسکور صرف 59 رنز تھا، اور اسے 88 رنز مزید درکار ہیں۔
آسٹریلوی بولرز اسپینسر جانسن نے 3 اور زیویئر بارٹلیٹ نے 1 وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے سیریز کو برابر کرنے کے لیے میچ جیتنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جس کے تحت حسیب اللہ خان کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا۔
پاکستانی اسکواڈ: محمد رضوان (کپتان)، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، آغا سلمان، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، سفیان مقیم
آسٹریلوی اسکواڈ: جوش انگلس (کپتان)، جیک فریزر میک گرک، میٹ شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹوئنس، آرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن

