محمد ذیشان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تینوں فارمیٹس کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا۔ 50 اوورز کے فارمیٹ میں بابر اعظم اور قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے، جبکہ سعود شکیل ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ان کے ہم وطن ہیری بروک دوسرے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشسوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے تین درجے ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ سری لنکا کے مینڈس ایک درجہ ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے۔ پاکستان کے سعود شکیل ٹاپ 10 میں واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں، جبکہ محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 16ویں اور بابر اعظم 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا دوسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور پاکستان کے نعمان علی پانچویں نمبر پر رہے۔ تاہم، پاکستان کا کوئی بھی اور بولر ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے رویندرا جدیجا سرفہرست ہیں، جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن دوسرے اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے فارمیٹ میں بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارت کے روہت شرما، شبھمن گل اور ویرات کوہلی بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہائنرک کلاسن پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے فخر زمان ایک درجہ ترقی کے بعد 17ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ امام الحق، محمد رضوان اور صائم ایوب بالترتیب 21ویں، 22ویں اور 23ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، بھارت کے کلدیپ یادیو دوسرے اور سری لنکا کے مہیش تین درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف کی 18ویں پوزیشن مستحکم رہی۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی بدستور پہلے، زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے، افغانستان کے عظمت اللہ تیسرے، بنگلہ دیش کے مہدی حسن چوتھے اور افغانستان کے راشد خان پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 18ویں نمبر پر ہیں۔
ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جبکہ بھارت کے ابھیشیک شرما 38 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے اور انہوں نے تلک ورما سے پوزیشن چھین لی۔ انگلینڈ کے فل سالٹ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب ساتویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ بھارت کے ورن چکرورتی تین درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کا کوئی بھی بولر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہو سکا۔
ٹی 20 آل راؤنڈر کیٹگری میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے، نیپال کے دیپندر سنگھ ایری دوسرے، آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس تیسرے، افغانستان کے محمد نبی چوتھے اور زمبابوے کے سکندر رضا پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں سے 14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

