"مسلسل ناکامیوں پر ملتان سلطانز کے بیٹنگ کوچ کی معذرت، کارکردگی بہتر بنانے کا عزم"

رپورٹ: محمد ذیشان

ملتان سلطانز کی مسلسل شکستوں پر ٹیم کے بیٹنگ کوچ جولین ووڈ نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے شائقین سے معذرت کرلی ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں مسلسل تیسرے میچ میں ناکامی کے بعد کوچ نے اعتراف کیا کہ ٹیم کی کارکردگی ان کے معیار کے مطابق نہیں رہی۔

ملتان اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گئے پی ایس ایل کے 25ویں میچ میں ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ہار کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جولین ووڈ نے ٹیم کی ابتدائی وکٹوں کے جلدی گرنے کو شکست کی اہم وجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی چار سے پانچ کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئے، جس کی وجہ سے ٹیم مومینٹم حاصل نہ کر سکی اور ہم جلد بازی میں اپنا راستہ کھو بیٹھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیم دباؤ کا شکار ہے، اور نتائج واضح طور پر اس کا اظہار کر رہے ہیں۔

جولین ووڈ نے کہا کہ میچ ہارنے کے بعد اکثر ٹیمیں تبدیلیاں کرتی ہیں، لیکن ہر ٹیم ہر وقت اچھا نہیں کھیل سکتی۔ ہمیں تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانے کے لیے محنت کرنی ہو گی۔

بیٹنگ کوچ نے مزید کہا کہ پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹیم دوبارہ اعتماد حاصل نہیں کر سکی۔ ہم نے کوشش ضرور کی مگر نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں نکلے۔

شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ ہمیں ان کی حمایت کی ضرورت ہے اور ہم آگے بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔

پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز اب تک صرف ایک کامیابی حاصل کر سکی ہے۔ لاہور قلندرز کے خلاف 33 رنز سے کامیابی کے سوا باقی تمام میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان سلطانز اپنا آخری میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی، جہاں ٹیم ایک بہتر اختتام کی امید کے ساتھ میدان میں اترے گی

Related Post

en_USEnglish