نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف یکطرفہ فتح، سیریز میں 0-1 کی برتری

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو باآسانی شکست دے دی
رپورٹ: محمد ذیشان

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو اس کے حق میں درست ثابت ہوا۔ پاکستان کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے بعد نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 10.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنرز محمد حارث اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ عرفان خان بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ کپتان سلمان آغا 18، شاداب خان 3، عبدالصمد 7، جہانداد خان 17، شاہین شاہ 1 اور ابرار احمد 2 رنز بنا سکے۔ خوشدل شاہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، جیمیسن نے 3، ایش سودھی نے 2 اور فولکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا۔ پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 53 رنز پر گری، لیکن اس کے بعد کوئی وکٹ نہ گری اور نیوزی لینڈ نے 10.1 اوورز میں فتح حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم میں محمد حارث، حسن نواز، سلمان آغا، عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، جہانداد خان اور شاہین آفریدی شامل تھے۔ اس میچ میں قومی ٹیم کے تین کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا۔

میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہیگلے اوول میں ٹریننگ سیشن کیا، جہاں بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ ٹپس دیں۔ اس کے علاوہ، دونوں ٹیموں کی موجودگی میں گراؤنڈ میں روایتی ویلکم تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔

Related Post

en_USEnglish