تماشائی کی میدان میں انٹری، چیمپئنز ٹرافی کا دلچسپ واقعہ
رپورٹ: محمد ذیشان
چیمپئنز ٹرافی کے ایک سنسنی خیز میچ کے دوران بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب ایک پاکستانی تماشائی میدان میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نیوزی لینڈ کے بلے باز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، میدان میں داخل ہونے والے شخص کی شناخت عبدالقیوم کے نام سے ہوئی، جو فتح جنگ، اٹک سے تعلق رکھتا ہے۔ عبدالقیوم نے ایک ہزار روپے کا ٹکٹ خرید کر میرا بخش انکلوژر میں میچ دیکھنے کی غرض سے اسٹیڈیم میں داخل ہوا۔ تاہم، میچ کے دوران وہ یاسر عرفات انکلوژر میں جا پہنچا اور وہاں سے سیکیورٹی کے حصار کو توڑ کر میدان میں داخل ہوگیا۔
کرکٹ کے جنون میں مبتلا عبدالقیوم جنگلے کو پھلانگتے ہوئے میدان میں دوڑ پڑا، جس سے اسٹیڈیم میں سنسنی کی لہر دوڑ گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی، مگر عبدالقیوم کچھ دیر تک ان کی گرفت میں نہ آسکا۔
تماشائی کا جوش اس حد تک بڑھ گیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹام لیتھم کے قریب پہنچا اور ان سے بغل گیر ہوگیا۔ لیتھم اس اچانک حملہ آور محبت پر حیران رہ گئے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالقیوم کو پکڑنے کی کوشش کی، تاہم وہ کچھ دیر تک دوڑتے رہے اور پھر آخرکار دھر لیے گئے۔
سیکیورٹی عملے نے تماشائی کو میدان سے باہر لے جا کر ابتدائی پوچھ گچھ کی، جس کے بعد مزید تفتیش کے لیے اسے تھانہ نیوٹان منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، عبدالقیوم سے مزید چھان بین جاری ہے تاکہ اس کے میدان میں داخل ہونے کے اصل مقصد کا پتا لگایا جاسکے۔
یہ واقعہ سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے کیونکہ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود ایک عام تماشائی میدان میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔ منتظمین کے لیے یہ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیسے ممکن بنائی جائے۔
واضح رہے کہ اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلا دیش کے خلاف ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی تھی۔ اس واقعے کے باوجود میچ کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے جاری رہا، تاہم اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے لیے یہ لمحہ یادگار بن گیا۔

