قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا حارث رؤف کی انجری اور اوپننگ جوڑی پر اہم بیان

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا حارث رؤف کی انجری اور اوپننگ جوڑی پر اہم بیان

(رپورٹ: محمد ذیشان)

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کا میگا ایونٹ طویل عرصے بعد پاکستان میں منعقد ہو رہا ہے، جو پوری قوم کے لیے ایک خوش آئند لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کسی بھی بڑی ٹیم سے کم نہیں اور ہمارے کھلاڑی عالمی معیار کی کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

محمد رضوان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کرکٹ نے گزشتہ دس سال میں مشکل حالات کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود ٹیم نے کئی مواقع پر بہترین نتائج دیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی کمزوریوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے تاکہ مخالف ٹیم کو فائدہ نہ پہنچے۔

قومی کپتان نے فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور ردھم میں بولنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس اوپننگ کے لیے مختلف آپشنز موجود ہیں، تاہم بابر اعظم ایک بہترین اوپنر ہیں۔ اس کے باوجود یہ ضروری نہیں کہ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف وہی اننگز کا آغاز کریں۔

پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم کو بہتر کمبینیشن کی ضرورت ہے، اور بابر اعظم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیصلہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا اور تسلیم کیا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، لیکن کسی بھی وقت ٹیم ایک بڑا کارنامہ انجام دے سکتی ہے۔

انہوں نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ایک بار پھر ویسی ہی شاندار کارکردگی دکھا کر ایونٹ جیتیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ حیران کن نتائج دے سکتی ہے اور شائقین کو امید رکھنی چاہیے کہ ٹیم ایک بار پھر تاریخ دہرا سکتی ہے۔

شاہین آفریدی کی بولنگ صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ ان کی عمر کے لحاظ سے وہ بہت تجربہ کار اور مہارت رکھنے والے فاسٹ بولر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی کرکٹرز بھی ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، جو ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم چند غلطیوں کی وجہ سے میچ جیتنے میں ناکام رہی، لیکن ان خامیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ آئندہ مواقع پر کامیابی حاصل کی جا سکے۔

آخر میں قومی کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ میں کامیابی کے لیے ٹیم ورک سب سے زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹیم کی حمایت جاری رکھیں اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کریں تاکہ وہ بہترین کھیل پیش کر سکیں۔

Related Post

en_USEnglish