زیشان شریف (میڈرڈ) – کینیا کی 24 سالہ ایتھلیٹ بیٹریس چیبٹ، جنہوں نے 2024 پیرس اولمپکس میں دو گولڈ میڈلز جیتے تھے، نے خواتین کی 5000 میٹر کی دوڑ میں اپنا ہی ریکارڈ توڑتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقدہ کرسا ڈیلس ناموس ریس میں چیبٹ نے 13 منٹ 54 سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کر کے پچھلے سال اسی ریس میں اپنے بنائے ہوئے 14 منٹ 13 سیکنڈز کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ وہ 14 منٹ سے کم وقت میں 5000 میٹر کی دوڑ جیتنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔ سال نو کی شاندار کامیابی کے بعد چیبٹ نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل طور پر تیار تھیں اور موافق موسم نے ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ چیبٹ نے 2024 پیرس اولمپکس میں 5000 اور 10000 میٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈلز جیتے تھے اور مئی میں خواتین کی 10,000 میٹر کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اب ان کی تمام تر توجہ ٹوکیو میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈلز جیتنے پر مرکوز ہے۔

