کھیل: عارف سعید پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اور خالد محمود سیکرٹری منتخب

رپورٹ: ذیشان شریف

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عارف سعید صدر، فاطمہ لاکھانی سینئر نائب صدر، اور خالد محمود بلا مقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ انتخابات لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئے جہاں چیئرمین الیکشن کمیشن پرویز اقبال میر نے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن، جو 19 سال تک صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے پر فائز رہے، نے بالآخر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کی جگہ عارف سعید کو نیا صدر منتخب کیا گیا، جو آئندہ چار سالہ مدت کے لیے اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔

اس موقع پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور اولمپک کونسل آف ایشیا کے نمائندے ونود کمار تیواری نے بطور مبصر آن لائن شرکت کی۔ یہ انتخابات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتظامی ڈھانچے کے استحکام کے لیے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔

منتخب ہونے والے دیگر عہدیداروں میں عامر جان، ماجد وسیم، عشرت اشرف، اور عندلیب سندھو کو نائب صدور کے طور پر منتخب کیا گیا، جبکہ محمد جہانگیر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور احمد ملک کو سیکرٹری فنانس مقرر کیا گیا۔ ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرلز کی نشستوں پر اعصام الحق، واجد علی، اور تہمینہ آصف کامیاب قرار پائے۔

اولمپک اسپورٹس کے نمائندوں میں حافظ عمران بٹ، محمد ارشد ستار، اور صدف اکرم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سمیرا ستار، ثناء علی، اور آمنہ تنویر کو ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں نو منتخب صدر عارف سعید نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف انتظامی امور سے بڑھ کر کھیل کی اقدار کو اہمیت دینا ہے۔ ان کے مطابق، کھیلوں میں اخلاقیات، اسپورٹس مین شپ، اور ایمانداری کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

عارف سعید نے مزید کہا کہ کھیلوں میں کامیابی کا راستہ میرٹ اور دیانت داری سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے پرانی سوچ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میڈل جیتنے کے بعد ایمانداری اپنانے کا تصور فرسودہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، اولمپک اقدار کو اپنانا ہی ترقی کا صحیح راستہ ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کھیلوں کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا۔ عارف سعید نے کہا کہ ان کی ٹیم کا بنیادی مقصد ملک میں کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔

Related Post

en_USEnglish