ایشیا کپ میں سلور میڈل جیتنے والی قومی جونیئر ہاکی ٹیم اج لاہور پہنچے گی

رپورٹر: ذیشان شریف
لاہور: جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں سلور میڈل جیتنے والی قومی جونیئر ہاکی ٹیم آج مسقط سے لاہور پہنچے گی۔ قومی ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میدان مارنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکی۔

مسقط میں منعقدہ جونیئر ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ روانگی سے قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ قمر ابراہیم نے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔

قمر ابراہیم نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تین سے چار دن کے مختصر کیمپ کے بعد ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فائنل جیتنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ کو ہدف بنانا ضروری ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ خامیوں پر قابو پانے اور ان کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ آئندہ قوم کو مزید خوشیاں فراہم کی جا سکیں۔

قمر ابراہیم نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے انڈین ٹیم کی تیاری کا حوالہ دیا، جو پچھلے پانچ ماہ سے یورپ میں ٹریننگ اور میچز کھیل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے پاس وسائل محدود تھے لیکن ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی میچز کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سات کھلاڑی پہلی بار ٹیم کے ساتھ کسی بین الاقوامی ٹور میں شریک تھے، اور ان کے کھیل میں مزید نکھار کی ضرورت ہے۔

قمر ابراہیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی کھیل ہاکی کے لیے زیادہ وسائل مہیا کیے جائیں تاکہ فیڈریشن بہتر پلاننگ کے ساتھ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹس کے لیے تیار کر سکے۔

Related Post

en_USEnglish