انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق آج ہونے والا اہم اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ملتوی ہوگیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا یا کسی اور ملک کو منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس اب ہفتے کے روز دوبارہ ہوگا، جس میں مزید غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں فریقین نے اپنی تجاویز پیش کیں، جن پر غور و خوض کے بعد معاملہ مؤخر کیا گیا۔ پاکستان نے مکمل ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک میں کرنے پر زور دیا اور ایک بار پھر ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کی۔ آئی سی سی نے اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کیں، لیکن کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے۔
دبئی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان نے شرکت کی، جب کہ کچھ اراکین نے ویڈیو کال کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔ یہ اجلاس مختصر وقت کے لیے ہوا، جس میں کسی بھی فیصلے پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز نے اجلاس میں دی گئی تجاویز پر اپنی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عمل سے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد ملے گی تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جا سکے۔
پاکستان نے اجلاس میں واضح مؤقف اپنایا کہ چیمپئنز ٹرافی کی مکمل میزبانی پاکستان میں ہونی چاہیے۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے تحفظات اور ہائبرڈ ماڈل کی تجاویز پر بات چیت کا عمل جاری رہا۔
آئی سی سی اجلاس میں ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تمام تجاویز اور مؤقف پر مزید غور ہفتے کے روز ہوگا۔ اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد اب سب کی نظریں اگلے اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔

