تیسرا ون ڈے؛ پاکستان نے زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

304 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

پاکستان کی شاندار فتح: زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔ بلاوائیو میں کھیلا گیا فیصلہ کن میچ پاکستان کے لیے ایک شاندار کامیابی ثابت ہوا، جس میں ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 303 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنرز نے محتاط آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ صائم ایوب 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ عبداللہ شفیق 50 رنز بنا کر سکندر رضا کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان محمد رضوان اور کامران غلام کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی، لیکن رضوان 37 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کامران غلام نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں آغا سلمان نے 30، اور طیب طاہر نے 29 رنز بنائے، جو ٹیم کے مجموعے کو 303 رنز تک لے گئے۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فراز اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 41 ویں اوور میں 204 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ زمبابوے کی جانب سے کپتان کریگ اروائن 51 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے۔ برائن بینیٹ 37، شان ولیمز 24، اور دیگر کھلاڑیوں میں ٹیڈیوناشے مارومانی 24، کلائیو مداندے 20، اور رچرڈ نگاروا 17 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال، حارث رؤف، ابرار احمد، اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کامران غلام اور فیصل اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے زمبابوے کو مطلوبہ ہدف سے دور کر دیا اور سیریز میں فیصلہ کن فتح کی راہ ہموار کی۔

دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے پوری قوم کا دل جیت لیا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

Related Post

en_USEnglish